خراب موسم کے باعث سری لنکا میں منگل کو تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ

سری لنکا میں شدید بارشوں اور خراب موسمی حالات کے باعث طلبہ اور تدریسی عملے کی حفاظت کے پیش نظر منگل کو ملک بھر کے تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کی وزارتِ تعلیم نے بتایا کہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ موسمی صورتحال کے جائزے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے، تاکہ طلبہ اور اسکولوں میں کام کرنے والے عملے کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

وزارتِ تعلیم کے مطابق جنرل سرٹیفکیٹ آف ایجوکیشن (او لیول) کے تحت آرٹس مضامین کے عملی امتحانات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سری لنکا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس صورتحال کے باعث متعدد مقامات پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر انتباہ بھی جاری کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب خلیجِ بنگال میں موجود سمندری طوفان ’ارناب‘ بھی بالواسطہ طور پر سری لنکا کے موسمی حالات پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث احتیاطی اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔