امارات میں خاتون کا حیرت انگیز کارنامہ، اسٹکی نوٹ پر 150 الفاظ لکھ کر گینیز ریکارڈ قائم
متحدہ عرب امارات میں 29 سالہ پشپاجوتھی روی کمار نے غیر معمولی باریک اور نفیس تحریر کے ذریعے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے ایک چھوٹے سے اسٹکی نوٹ پر ہاتھ سے 150 مختلف الفاظ تحریر کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
دبئی میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشپاجوتھی نے انتہائی محدود جگہ پر بڑی تعداد میں الفاظ لکھے، جبکہ ان کی کوشش یہ بھی تھی کہ ہر لفظ واضح اور آسانی سے پڑھا جاسکے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے گینیز ورلڈ ریکارڈز سے متاثر رہی ہیں اور ہمیشہ عالمی ریکارڈ بنانے کی خواہش رکھتی تھیں۔ ان کے مطابق ایک موقع پر یہ خیال ذہن میں آیا کہ اپنی باریک لکھائی کو آزمایا جائے، جس کے بعد انہوں نے ریکارڈ کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔
پشپاجوتھی کے مطابق اس چیلنج کا سب سے مشکل مرحلہ یہ تھا کہ اتنے زیادہ الفاظ ایک محدود سائز کے اسٹکی نوٹ پر اس انداز میں تحریر کیے جائیں کہ تحریر نہ صرف مکمل ہو بلکہ ہر لفظ قابلِ فہم بھی رہے۔
انہوں نے جگہ کے مؤثر استعمال اور انتہائی محتاط لکھائی کے ذریعے یہ ہدف حاصل کیا اور یوں گینیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوگئیں۔