سہیل آفریدی کا بلاول بھٹو کو جواب، جمہوریت میں آزادی اظہار کو اہم قرار دے دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سوشل میڈیا پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کی اصل خوبصورتی سیاسی سرگرمی، آزادیِ اظہار اور عوامی رائے کے احترام میں ہے۔

اپنے ایکس پیغام میں سہیل آفریدی نے بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں اظہارِ رائے اور سیاست کی آزادی، آزاد عدلیہ، عوامی مینڈیٹ کی پذیرائی اور پارلیمنٹ کی خودمختاری بنیادی عناصر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیا اور صحافت کو بھی آزاد ماحول میں کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے، جبکہ عوامی فیصلے کے برعکس کسی بھی غیر روایتی یا چور دروازے کے طریقہ کار سے گریز ہونا چاہیے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ میرپورخاص کے بعد عمرکوٹ میں بھی بڑی تعداد میں عمران خان کے حامی نظر آئیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلے مرحلے میں حیدرآباد اور کراچی میں بھی عوام کی بڑی شرکت متوقع ہے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورہ سندھ کا خیرمقدم کیا تھا۔ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے لاڑکانہ آمد پر سہیل آفریدی کو خوش آمدید کہا اور ان کے دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ملک میں برداشت، باہمی احترام اور بقائے باہمی کی سیاست کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق سیاسی اختلاف کے ساتھ احترام کا رویہ ہی جمہوری نظام کی مضبوط بنیاد بنتا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پانچ روزہ دورے پر چند روز قبل سندھ پہنچے تھے اور اپنے دورے کے دوران مختلف شہروں میں کارکنوں سے ملاقاتیں اور خطاب کررہے ہیں۔ ان کے دورے کا اگلا مرحلہ کراچی ہے، جہاں تحریک انصاف کی جانب سے شاہراہ قائدین پر جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان کے مطابق سہیل آفریدی کی قیادت میں پارٹی کی اسٹریٹ موبلائزیشن مہم بھی جاری ہے۔ قافلہ نوشہروفیروز، نوابشاہ، سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ پہنچا، جہاں وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر کارکنوں اور شہریوں سے خطاب کیا جبکہ ان کا استقبال بھی کیا گیا۔