پاکستانی اداکارہ سکینہ خان امریکا میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

پاکستانی اداکارہ سکینہ خان نے امریکا میں ایک روایتی تقریب کے دوران شادی کرلی، جس کے بعد وہ زندگی کے نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔

اداکارہ نے اپنے خاص دن کے لیے سرخ اور سنہری رنگوں پر مشتمل عروسی لہنگے کا انتخاب کیا، جبکہ ان کے شوہر سفید شیروانی میں دکھائی دیے۔ سکینہ خان کی شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کے عروسی لباس، میک اپ اور مجموعی انداز کو پسند کر رہے ہیں۔

شادی کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ سکینہ خان کچھ عرصے کے لیے شوبز سرگرمیوں سے دور رہنے کا ارادہ رکھتی ہیں تاکہ اپنی نجی اور ازدواجی زندگی کو زیادہ وقت دے سکیں۔

اداکارہ کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی جانب سے انہیں مبارک باد اور نیک تمناؤں کے پیغامات دیے جا رہے ہیں۔