شامی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے، اسحاق ڈار سے ملاقات

شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

اسلام آباد آمد پر شامی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال اور اہم علاقائی معاملات بھی زیر بحث آئے۔

دفتر خارجہ پہنچنے پر اسحاق ڈار نے شامی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔ واضح رہے کہ اسعد حسن الشیبانی کو پاکستان کے دورے کی دعوت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے دی گئی تھی۔

دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پاک شام تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے بھی بات چیت ہوگی۔

مذاکرات میں علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ پاکستانی حکام کے مطابق شامی وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو نئی جہت دینے اور تعاون کے دائرے کو وسیع کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔