پاکستان اور شام کے تعلقات میں نئی پیش رفت، شامی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے
پاکستان اور شام کے درمیان سفارتی روابط میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
شامی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔ اسلام آباد آمد پر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری نے ان کا استقبال کیا، جبکہ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا شامی سرکاری وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات پر بات چیت ہوگی۔
پاکستانی حکام کے مطابق شامی وزیر خارجہ کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
دریں اثنا ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بھی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کی آمد پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے استقبال کیا۔
ملائیشین وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت اور متعلقہ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دونوں غیرملکی وزرا کے دورے کو پاکستان کے ساتھ سفارتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔