یمن میں حکومتی فورسز کی پیش قدمی اور طائز میں کارروائیاں

یمن میں حکومتی فورسز نے طائز کے مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں دوبارہ پیش قدمی کا دعویٰ کیا ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق حکومتی دستوں نے حوثی جنگجوؤں کے خلاف کارروائیوں میں شدت لاتے ہوئے طائز کے جنوب مغربی علاقے جرداد میں متعدد اہم مقامات کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی کارروائی کے دوران حکومتی فورسز کو فضائی معاونت بھی حاصل رہی۔ طائز کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کے مبینہ ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ فضائی اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں 10 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے، جبکہ حوثیوں کی متعدد گاڑیوں اور اسلحے کو بھی تباہ کیا گیا۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آسکی۔

دوسری جانب سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو پہنچنے والے مبینہ نقصان سے متعلق سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے این پی آر نے پائپ لائن کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کیں، جن میں مبینہ طور پر پائپ لائن کے بعض حصوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا گیا ہے۔