زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے 31 طلباء کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے 31 طلباء کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق 16 اگست کو یونیورسٹی میں 31 طلباء نے مبینہ طور پر ملک مخالف نعرے لگائے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہوئی۔

روزنامہ جنگ کے مطابق سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج مقدمے میں 6 طلباء کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ دیگر 25 طلباء نامعلوم قرار دیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اب تک کسی طالب علم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ طلباء مبینہ طور پر یونیورسٹی میں ڈنڈوں، پتھروں اور لوہے کی راڈز کے ساتھ جمع ہوئے اور نعرے بازی کے ذریعے خوف کی فضا پیدا کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مقدمے میں شامل افراد کے کردار کا تعین شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔