ٹیکسلا میں خاتون ٹک ٹاکر کے قتل کا مقدمہ درج، تحقیقات شروع
ٹیکسلا میں خاتون ٹک ٹاکر شمسو عرف عائشہ کے قتل کا مقدمہ ان کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کاشف عرف کاشی نے اپنی بیٹی عائشہ کو فون کرکے گھر سے باہر بلایا۔ عائشہ اپنی بہن اور بھائی کے ہمراہ گاڑی میں روانہ ہوئیں، تاہم ایک نجی پیٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں عائشہ کو گولیاں لگیں، جبکہ اسی دوران گاڑی ایک ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں مقتولہ کی ایک بہن بھی زخمی ہوگئی۔
مقتولہ کے والد نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ عائشہ ٹک ٹاکر تھیں اور ان کا کوثر اور جاوید عرف شاہین کے ساتھ مالی لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔ ان کے مطابق عائشہ نے ماضی میں اہلخانہ کو مبینہ دھمکیوں کے بارے میں بھی بتایا تھا۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مالی معاملے کی وجہ سے عائشہ کو مبینہ طور پر قتل کروایا گیا، تاہم اس حوالے سے پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور الزامات کی تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہوگی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش اور دیگر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔