صومالیہ میں قزاقوں سے محفوظ مزید 3 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

صومالیہ میں بحری قزاقوں کے حملے سے محفوظ رہنے والے مزید تین پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے، جہاں کراچی ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ای ٹی 694 کے ذریعے کراچی پہنچنے والے پاکستانیوں میں محمد یاسین، عمران علی اور سید حسین یوسف شامل ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور واپس آنے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ وزارت خارجہ، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے ضروری اقدامات مکمل کیے۔

حکام کے مطابق محمد یاسین کا تعلق پشاور سے ہے، جبکہ عمران علی اور سید حسین یوسف کراچی کے رہائشی ہیں۔

تینوں پاکستانیوں کے طبی معائنے کے لیے ڈاکٹر صنوبر کی سربراہی میں جناح ہسپتال کی میڈیکل ٹیم بھی ایئرپورٹ پر موجود رہی۔ طبی ٹیم نے قزاقوں کے قبضے سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کی صحت کا جائزہ لیا۔