ٹویوٹا نے کرولا کراس (ایچ ای وی) کی قیمت 13 لاکھ روپے بڑھا دی

حکومت کی نئی آٹو پالیسی 2026-2031 کے تحت ہائبرڈ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس (GST) میں اضافے کے بعد انڈس موٹر کمپنی نے ٹویوٹا کرولا کراس ہائبرڈ ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ہائبرڈ گاڑیوں پر جی ایس ٹی کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کیے جانے کے باعث قیمتوں پر نظرثانی کی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کے مطابق Toyota Corolla Cross HEV X کی قیمت میں 13 لاکھ 64 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک کروڑ 2 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پہلے یہ ماڈل 89 لاکھ 35 ہزار روپے میں دستیاب تھا۔

اسی طرح Toyota Corolla Cross HEV کی قیمت میں بھی 13 لاکھ 14 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمت 98 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ گاڑی 85 لاکھ 35 ہزار روپے میں فروخت کی جا رہی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے 1800 سی سی سے کم ہائبرڈ گاڑیوں پر 8.5 فیصد اور 1800 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر 12.5 فیصد جی ایس ٹی لاگو تھا، تاہم نئی آٹو پالیسی نافذ ہونے کے بعد تمام ہائبرڈ گاڑیوں پر یکساں طور پر 25 فیصد ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔

آٹو سیکٹر سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکس میں اضافے کے نتیجے میں ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس سے خریداروں پر مالی دباؤ میں اضافہ ہوگا اور ماحول دوست گاڑیوں کی خریداری کا رجحان بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔