ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح پر پہنچنے کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران آبنائے ہرمز کے راستے لاکھوں بیرل تیل منتقل کیا گیا، جس کے بعد تیل کی ترسیل جنگ سے قبل کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کے وزیرِ تیل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی معیشت تباہ ہوچکی ہے اور ایران کے پاس اب کچھ باقی نہیں رہا۔
امریکی صدر نے آئندہ وسط مدتی انتخابات کے حوالے سے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ری پبلکن پارٹی انتخابات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ان کے مطابق انتخابی ریلیاں سیاسی صورتحال میں نمایاں تبدیلی کا باعث بن رہی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی معیشت اور ڈالر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے پاس مضبوط کرنسی موجود ہے اور ملک کی معاشی کارکردگی اچھی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط ڈالر کے باعث مہنگائی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔