ٹرمپ انتظامیہ کا مشرقِ وسطیٰ کے لیے نئی حکمت عملی پر غور
ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ جنگ کے بعد مشرقِ وسطیٰ سے متعلق نئی پالیسی ترتیب دینے پر غور شروع کردیا ہے، جس میں ایران کے اثر و رسوخ کو محدود رکھنے کے لیے خطے میں ایک نیا علاقائی اتحاد بنانے کی تجویز بھی زیرِ بحث ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی حکمت عملی میں اسرائیل اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری لانے کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ غزہ، شام اور لبنان سے متعلق تنازعات اور مسائل کے حل کے لیے بھی سفارتی کوششیں تیز کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کے ساتھ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور مستقبل کی امریکی حکمت عملی پر دو اہم اجلاس کیے۔ ان ملاقاتوں میں خطے میں بدلتی صورتحال، ایران کو محدود کرنے کے ممکنہ اقدامات اور آئندہ پالیسی کے خدوخال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔