یو اے ای نے ایران کے ساتھ تجارتی اور مالی لین دین روک دیا

متحدہ عرب امارات نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران کے ساتھ تجارتی، کاروباری اور مالی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ایران کے ساتھ تجارت، کمرشل تبادلے اور مختلف اقتصادی لین دین کو روکنے کا فیصلہ خطے میں پیدا ہونے والی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہی ہے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایران پر دو بیلسٹک میزائل فائر کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔ اماراتی وزارت دفاع کے مطابق دونوں میزائل ملک کی حدود میں نہیں گرے۔

حکام کے مطابق اماراتی فضائی دفاعی نظام نے ایران سے فائر کیے گئے دونوں میزائلوں کا بروقت سراغ لگایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک میزائل اماراتی علاقائی حدود سے باہر جا گرا، جبکہ دوسرا علاقائی پانیوں میں گرا۔

ایرانی حکام کی جانب سے امارات کے ان الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔