برطانیہ کا سعودی عرب کے دفاع کے لیے ٹائفون لڑاکا طیارے تعینات کرنے کا اعلان

برطانیہ نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کے تناظر میں مملکت کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے لڑاکا طیارے تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق رائل ایئر فورس کے ٹائفون طیارے سعودی عرب کے شہروں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کے لیے دفاعی فضائی مشن انجام دیں گے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران سعودی عرب پر حوثی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان حملوں میں تیل کی تنصیبات اور ہوائی اڈوں سمیت اہم مقامات کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے ترجمان کے مطابق برطانیہ سعودی عرب کو پہلے ہی فضائی ایندھن کی فراہمی میں مدد دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ مملکت کے دفاع کے لیے فضائی دفاعی نظام سے متعلق سازوسامان اور برطانوی اہلکار بھی تعینات کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ برطانوی ٹائفون لڑاکا طیاروں کا مشن سعودی عرب کی سمت آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے میں معاونت فراہم کرنا ہوگا۔ برطانیہ نے سعودی عرب کو اٹلس اے 400 ایم ٹرانسپورٹ طیارہ فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔