امریکا کی سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر کے جدید بم فروخت کرنے کی منظوری

امریکی حکومت نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید بموں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز (JDAMs) فراہم کرنے کی تجویز منظور کرلی گئی ہے، جبکہ اس سودے کا مرکزی ٹھیکا بوئنگ کو دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے لیے تقریباً 75 کروڑ ڈالر مالیت کے AGT-1500 انجنوں کی ممکنہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے، جس کا مرکزی معاہدہ ہنی ویل کو ملے گا۔

امریکی حکام کے مطابق ان دفاعی سازوسامان کی فراہمی سے سعودی عرب کو موجودہ اور مستقبل میں سامنے آنے والے سکیورٹی خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ فوجی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی دفاعی نوعیت کے دو الگ سودوں کی منظوری دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عمان کو F-16 جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور متعلقہ معاون خدمات فراہم کرنے کے لیے تقریباً 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح عراق کو تقریباً 15 کروڑ ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی تجویز بھی منظور کرلی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ان مجوزہ دفاعی سودوں کا مقصد متعلقہ ممالک کی دفاعی صلاحیت بہتر بنانا اور امریکا کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔