امریکا اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقیں ایک ہفتہ پہلے ختم کرنے کا فیصلہ
امریکا نے جنوبی کوریا کے ساتھ ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں کا دورانیہ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت یہ مشقیں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مقابلے میں ایک ہفتہ قبل اختتام پذیر ہوں گی۔
پینٹاگون کے ایک عہدیدار کے مطابق مشترکہ مشقوں کے حجم اور دورانیے میں کمی کی گئی ہے، تاہم اس تبدیلی سے دونوں ممالک کی فوجی تیاری یا تربیتی اہداف متاثر نہیں ہوں گے۔
امریکی محکمہ جنگ کے مطابق مشقوں کی مدت میں ردوبدل کے باوجود فوجی دستوں کی تیاری برقرار رکھنے اور طے شدہ تربیتی مقاصد حاصل کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق مشترکہ فوجی مشقیں 17 سے 21 اگست تک جاری رہیں گی، جبکہ اس سے قبل ان کے لیے 17 سے 27 اگست کی تاریخیں مقرر کی گئی تھیں۔
مشقوں کے شیڈول میں تبدیلی کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے فوجی تعاون اور دفاعی تیاری کے تسلسل پر زور دیا گیا ہے۔