ساہیوال میں غیر قانونی سیور کنکشن کے خلاف واسا کی کارروائی، معروف فوڈ پوائنٹ سیل
ساہیوال. ایم ڈی واسا تنویر قیصر کی ہدایت پر واسا ساہیوال کی ٹیم نے غیر قانونی سیوریج کنکشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے برانڈ روڈ پر قائم ایک معروف فوڈ پوائنٹ کو سیل کردیا۔
واسا حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مذکورہ فوڈ پوائنٹ کے سیوریج نظام کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کا کنکشن واسا کی مین سیوریج لائن سے غیر قانونی طور پر منسلک تھا، جبکہ متعلقہ ادارے کے پاس ضروری این او سی بھی موجود نہیں تھا۔
حکام نے ضابطے کے تحت کارروائی کرتے ہوئے فوڈ پوائنٹ کو فوری طور پر سیل کردیا۔ آپریشن کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر واسا سعید احمد بھٹہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امجد علی نے کی۔
ایم ڈی واسا تنویر قیصر نے کہا کہ سیوریج نظام کے غیر قانونی استعمال یا مین لائن میں غیر مجاز کنکشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق شہریوں کو بہتر سیوریج سہولیات فراہم کرنے اور نظام کو مؤثر رکھنے کے لیے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سیور کنکشنز کی نشاندہی کرکے قانون اور مقررہ ضوابط کے مطابق فوری ایکشن لیا جائے۔
واسا حکام نے شہریوں اور کاروباری مراکز کے مالکان پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سیوریج کنکشن حاصل کرنے اور استعمال کرنے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد یا اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔