پرانے اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ سروس بند ہونے کا امکان
پرانے ماڈل کے اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم اطلاع سامنے آئی ہے۔ میٹا نے پرانے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹمز پر واٹس ایپ کی سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اینڈرائیڈ 5، 5.1 اور اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے موبائل فونز میں 9 ستمبر 2026 کے بعد واٹس ایپ استعمال کرنے میں دشواری پیش آسکتی ہے، کیونکہ ان ڈیوائسز کے لیے ایپ کی سپورٹ ختم کردی جائے گی۔
واٹس ایپ میں مسلسل نئے فیچرز، جدید یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سے متعلق اپ ڈیٹس شامل کی جاتی ہیں، جن کے مؤثر استعمال کے لیے نسبتاً نئے آپریٹنگ سسٹم کی ضرورت ہوتی ہے۔
میٹا کی جانب سے اس تبدیلی کا مقصد پرانے سسٹمز پر موجود سیکیورٹی اور پرائیویسی کے ممکنہ خطرات کو کم کرنا اور ایپ کی کارکردگی کو موجودہ تکنیکی معیار کے مطابق برقرار رکھنا بتایا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 8 ستمبر 2026 سے اینڈرائیڈ 6 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ مرحلہ وار ختم کی جائے گی، جس کے بعد متعلقہ صارفین کو واٹس ایپ استعمال جاری رکھنے کے لیے ممکنہ طور پر اپنا فون اپ گریڈ کرنا پڑے گا۔