ایکس کا کریئیٹرز کے لیے نیا آمدنی پروگرام متعارف کرانے کا اعلان

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر میں موجود کنٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد معیاری اور منفرد مواد تیار کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

پلیٹ فارم کے مطابق نئے پروگرام کے ذریعے کاپی کیے گئے، چوری شدہ اور کم معیار کے مواد کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جبکہ اصل مواد تخلیق کرنے والے صارفین کو مالی فائدہ پہنچانے پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔

ایکس نے نئے نظام کو ’’اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام‘‘ کا نام دیا ہے۔ اس کے ساتھ موجودہ ’’ایڈز ریونیو شیئرنگ‘‘ پروگرام کو 7 ستمبر 2026 سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پرانے نظام کے تحت آخری ادائیگی 11 ستمبر کو کی جائے گی۔

ایکس کے مطابق نئے پروگرام میں شمولیت کے لیے 8 ستمبر 2026 سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ جن صارفین کی شناختی تصدیق پہلے ہی مکمل ہے اور ان کا پے آؤٹ طریقہ کار اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک ہے، انہیں یہ مراحل دوبارہ مکمل نہیں کرنا ہوں گے۔

نئے نظام کے تحت ایکس کا بنیادی مقصد ایسے کریئیٹرز کو مالی طور پر فائدہ پہنچانا ہے جو اصل، منفرد اور معیاری مواد تیار کرتے ہیں۔ پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کریئیٹر اکانومی میں معیاری اور تخلیقی مواد کی حوصلہ افزائی ہوگی۔