عدن ایئرپورٹ کے قریب دو میزائل گرنے کی اطلاع، حوثیوں کا سعودی کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
یمن کے شہر عدن میں ہوائی اڈے کے قریب دو میزائل گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ حوثی باغیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ہدف سعودی فوج کا کمانڈ سینٹر تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعے کے روز عدن ایئرپورٹ کے اطراف زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جنہیں علاقے میں موجود صحافیوں نے بھی محسوس کیا۔ بعد ازاں ہوائی اڈے کے قریب دو میزائل گرنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
حوثیوں کا کہنا ہے کہ میزائل سعودی فوجی کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے تھے۔ ان کے مطابق یہ مرکز عدن ایئرپورٹ کے نزدیک واقع ہے اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے زیر انتظام علاقے میں قائم ہے۔
واضح رہے کہ عدن بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا عبوری دارالحکومت ہے، جبکہ حوثی گروپ ملک کے شمالی علاقوں پر قابض ہے۔ حوثی باغی یمنی حکومت اور اس کے اتحادی سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
تاحال میزائل گرنے کے تازہ واقعے میں ممکنہ جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اس واقعے سے ایک روز قبل عدن میں صدارتی محل کے احاطے کو بھی حوثیوں کے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یمنی حکام کے مطابق اس حملے میں پانچ افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔