یمن میں حوثیوں کے خلاف آپریشن جاری، 250 جنگجو ہلاک و زخمی

یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف ’فجر الیمن‘ کے نام سے جاری فوجی کارروائیوں میں مزید شدت آگئی ہے، تازہ آپریشن کے دوران تقریباً 250 حوثی جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

یمنی حکام کے مطابق صعدہ میں کارروائی کے دوران حوثیوں کے زیرِ استعمال ایک خفیہ میزائل مرکز کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔ پہاڑ کے اندر قائم اس زیرِ زمین ڈپو میں تقریباً 20 بیلسٹک میزائل موجود تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ باب المندب، ذباب بندرگاہ، ہوائی اڈے اور المخا شہر کو بھی حوثیوں کے قبضے سے نکال لیا گیا ہے۔ ذباب بندرگاہ پر سرکاری فورسز نے مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

یمنی حکام کے مطابق تعز میں جاری کارروائیوں کے دوران بھی حوثی جنگجوؤں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، جہاں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 250 بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ اتحادی بحری دستوں نے الحدیدہ گورنریٹ میں کارروائی کرتے ہوئے آبی راستوں کو نشانہ بنانے کے لیے حوثیوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔

ترجمان کے مطابق عوامی حمایت رکھنے والے یمنی فوجی دستے المخا کے علاقے تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ حوثیوں کے خلاف فوجی پیش قدمی جاری ہے۔