لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

دکانداروں کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کئی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں 100 سے 150 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ مختلف پھلوں کی پیٹیوں کے نرخ بھی تقریباً ایک ہزار سے 2 ہزار روپے تک بڑھ گئے ہیں۔

سبزی فروشوں کے مطابق کدو 150 سے بڑھ کر 200 روپے، گوبھی 150 سے 220 روپے، بند گوبھی 150 سے 250 روپے اور میتھی 300 سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔

اسی طرح شملہ مرچ 300 سے بڑھ کر 350 روپے، پیاز 120 سے 200 روپے اور ٹماٹر 200 سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔

پھل فروشوں کے مطابق 6 کلو آڑو کا کارٹن 950 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ سیب کی پیٹی 2 ہزار سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہوگئی۔ آم کی پیٹی کی قیمت بھی 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار روپے تک پہنچ گئی، جبکہ انگور کی پیٹی 4500 سے بڑھ کر 5 ہزار روپے میں فروخت ہورہی ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی میں سبزیوں اور پھلوں کے مہنگے داموں ملنے کے باعث یہی اضافہ صارفین تک منتقل ہورہا ہے۔