پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ۔ وقت کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ تعلق مزید مستحکم ھوا ۔ عطاء تارڑ

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے زیر اہتمام ایک مقامی ہوٹل میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے، گلوبل گورننس انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے موضوعات پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی 75 سالہ شراکت داری صرف حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے اعتماد اور دوستی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان “آئرن برادرز” کا رشتہ دنیا بھر میں ایک منفرد مثال سمجھا جاتا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حالیہ دورۂ چین کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ایک ایسی قیمتی میراث ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آ رہی ہے اور دونوں ممالک نے مل کر ترقی اور خوشحالی کے متعدد سنگ میل عبور کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف جغرافیائی طور پر ہمسایہ ہیں بلکہ اعتماد، احترام اور تعاون کے مضبوط رشتے میں بھی بندھے ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے چینی صدر شی جن پنگ کے عالمی گورننس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وژن عالمی سطح پر بالخصوص ترقی پذیر ممالک کے عوام کے لیے مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دی ہے اور اقتصادی تعاون کے ذریعے عوامی روابط کو مزید مستحکم بنایا ہے۔ ان کے مطابق صدر شی جن پنگ کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوا۔

عطاء اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف ادوار میں پاک چین تعلقات مسلسل مضبوط ہوتے رہے ہیں اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی حکومت سی پیک منصوبوں کی تکمیل اور عالمی گورننس کے فروغ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاک چین دوستی کو دونوں ممالک کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہوئے اس تاریخی تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔