آپریشن “بنیان مرصوص” اور معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ساہیوال میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کی، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عثمان ٹیپو، ایم پی اے ملک قاسم ندیم کامران، علمائے کرام، وکلا، صحافیوں، تاجروں، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر مشن چوک سے گزرتی ہوئی ہائی اسٹریٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے قومی پرچم اور مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ پاک افواج کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔ شرکاء نے ملکی دفاع، امن اور استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ پاک افواج نے وطن کے دفاع، دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی قومی اتحاد، حب الوطنی کے جذبے اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
ڈی پی او عثمان ٹیپو نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔