بنوں کے علاقے فتح خیل پولیس چوکی پر الخوارج کا بزدلانہ حملہ

ضلع بنوں کی فتح خیل پولیس چوکی پر رات کے وقت دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں نے پہلے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا، جس کے بعد پولیس چوکی کو چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کی شدت کے باعث چوکی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور متعدد اہلکار ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 15 شہداء کی میتیں اور 3 زخمی اہلکاروں کو نکال لیا۔

شہید ہونے والوں میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، صہیب، سعداللہ، کامران، نعمت اللہ، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم خان، راحت اللہ خان اور فاروق داد شامل ہیں، جبکہ زخمی اہلکاروں میں فیروز، حیات اللہ اور فداء اللہ شامل ہیں۔

واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی۔ مختلف حلقوں کی جانب سے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔