پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیر قانونی موبائل سمز کے اجرا کی روک تھام کے لیے سم ڈس اون پالیسی میں اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اب کسی بھی نئی موبائل سم کو اپنے نام سے ختم یا ڈس اون کرنے کی مدت 60 دن کے بجائے بڑھا کر 365 دن مقرر کر دی گئی ہے، تاکہ غیر مجاز سم رجسٹریشن اور فراڈ کے واقعات پر قابو پایا جا سکے۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے دوران مکمل احتیاط کریں، کیونکہ نئی فعال ہونے والی سم ایک سال مکمل ہونے سے پہلے اپنے نام سے ختم نہیں کی جا سکے گی۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی تفصیلات ضرور چیک کریں۔ اس مقصد کے لیے صارفین cnic.sims.pk وزٹ کر سکتے ہیں یا اپنا شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے 668 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اگر کسی مشکوک یا غیر مجاز سم رجسٹریشن کا علم ہو تو فوری طور پر متعلقہ موبائل کمپنی کو آگاہ کیا جائے، جبکہ صارفین صرف اپنی زیر استعمال سمز ہی اپنے نام پر رجسٹر کروائیں۔