لاہور: رویت ہلال ریسرچ کونسل نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کے حوالے سے اپنی فلکیاتی رائے جاری کر دی ہے۔
ماہرین کے مطابق نئے اسلامی مہینے کا چاند 15 جون 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا۔ تاہم اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت پاکستان کے مختلف شہروں میں چاند کی عمر 12 گھنٹے سے کم رہے گی، جبکہ عام طور پر ہلال کے واضح مشاہدے کے لیے چاند کی عمر 18 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ چاند کی رویت میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقت بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق تقریباً 37 منٹ اور پشاور میں 42 منٹ متوقع ہے، لیکن کم عمر چاند کے باعث رویت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق چاند کی عمر مطلوبہ حد سے کم ہونے کی وجہ سے صاف موسم کی صورت میں بھی 15 جون کی شام چاند کا مشاہدہ ننگی آنکھ، دوربین یا جدید ٹیلی اسکوپ کے ذریعے ممکن نہیں ہوگا۔
فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر توقع ہے کہ ذوالحجہ کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون 2026 بروز بدھ کو ہوگی، جبکہ 10 محرم الحرام (یومِ عاشور) 26 جون 2026 بروز جمعہ متوقع ہے، ان شاء اللہ۔