پارلیمانی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت بجٹ اجلاس سے قبل بعض اہم قانونی ترامیم منظور کروانے کی خواہاں ہے، جن کے آئندہ مالی سال کے بجٹ اور اقتصادی پالیسیوں پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔ تاہم پاکستان پیپلز پارٹی ان مجوزہ اقدامات کی حمایت کرتی دکھائی نہیں دے رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ان ترامیم کے حوالے سے اپنے تحفظات واضح کر دیے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران بھی اپنے مؤقف کا اشارہ دیا، جہاں انہوں نے مجوزہ قانونی تبدیلیوں پر اعتراضات کا اظہار کیا۔
پارلیمانی حلقوں کے مطابق اگر بجٹ اجلاس سے قبل یہ ترامیم منظور نہ ہو سکیں تو حکومت کو آئندہ مالی سال میں بعض منصوبہ بندیوں اور اصلاحات کے نفاذ میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومتی سطح پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے اور معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے اہم شخصیات کو متحرک کیا گیا ہے۔ اس وقت بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ سیاسی مبصرین کے مطابق آئندہ بجٹ اجلاس کے شیڈول سے متعلق فیصلے مشاورت کے بعد متوقع ہیں۔