آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد ٹیکسوں میں نمایاں کمی کی مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن کا مقصد رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کو مزید فعال بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق فائلرز کے لیے پراپرٹی کی خریداری پر موجودہ ٹیکس شرح 1.5 فیصد سے کم کرکے 0.25 فیصد تک لانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ جائیداد کی فروخت پر عائد ٹیکس کو 4.5 فیصد سے کم کرکے 1.5 فیصد کرنے کی سفارش بھی سامنے آئی ہے۔
حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ ٹیکسوں میں کمی سے نہ صرف پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ تعمیرات کے شعبے میں نئی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، جس کے نتیجے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
تاہم ان تجاویز پر حکومت اور International Monetary Fund کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئی ایم ایف نے مجوزہ ٹیکس ریلیف پر بعض تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے مزید مذاکرات متوقع ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے رجحان میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔