ساہیوال(پاک لینز) گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال کے9 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب ساہیوال آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں 1094 طلبہ و طالبات کو بی ایس پروگرام کی ڈگریاں جاری کی گئیں جن میں 491 طالبات اور 603 طلبہ نے بی ایس ڈگریاں حاصل کرلیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر اور ڈین فیکلٹی آف سائنسز بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد تھے جبکہ ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر سیدہ عندلیب، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین پروفیسرسمیرا نسیم، پروفیسر ڈاکٹر افتخار شفیع، پروفیسر ڈاکٹر حنا جمشید سمیت دیگر فیکلٹی ممبران، اساتذہ اور طلبہ و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب میں مختلف شعبوں جن میں بوٹنی، کیمسٹری، اکنامکس، انگلش،انفارمیشن ٹیکنالوجی، میتھیمیٹکس، فزکس، پولیٹکل سائنسز اور سٹیٹکس کے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اپنے خطبہ استقبالہ میں پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کالج کی نصابی اور ہم نصابی کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ1942میں کالج کے قیام سے اب تک لاکھوں کی تعداد میں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر نے ڈگریاں حاصل کرنے والی سٹوڈنٹس کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات ملک کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ و طالبات ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ڈین فیکلٹی آف سائنسز بہاؤ الدین زکریایونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا کہ آج کی کامیابی کا سہرا والدین اور اساتذہ کو جاتا ہے جن کی انتھک محنت سے آج آپ اس مقام پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم چیلنجز سے مقابلہ کئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتیں اس لئے طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں چیلنجز کا سامنا کریں اور اپنا لوہا منوائیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو آئندہ بھی اسی جذبہ اور لگن سے محنت جاری رکھنے کی تلفین کی۔ تقریب میں بی ایس چارسالہ پروگرام میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ میں بھی میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔