وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل کی چیئرپرسن صائمہ فاروق کی ساہیوال میں کھلی کچہری

ساہیوال میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی شکایات سننے کے لیے آرٹس کونسل میں لگائے گئے عوامی کیمپ کے حوالے سے شہریوں اور میڈیا نمائندگان میں شدید تحفظات پائے جا رہے ہیں۔ بظاہر عوامی شکایات کے ازالے کے لیے منعقد ہونے والے اس پروگرام میں سائلین کی متعلقہ ٹیم تک براہِ راست رسائی انتہائی مشکل بنا دی گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ تو کھلی کچہری کی طرز پر شکایات سنی جا رہی ہیں اور نہ ہی درخواستیں براہِ راست پیش کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ گیٹ کے باہر موجود عملہ درخواستوں کا متن پڑھ کر اپنی صوابدید کے مطابق انہیں آگے بھجوا رہا ہے یا مسترد کر رہا ہے، جس سے شفافیت پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔

مزید برآں، میڈیا نمائندگان کو بھی متعلقہ اداروں کی کارکردگی یا عوامی شکایات کے حوالے سے مؤثر انداز میں آگاہی دینے کا موقع نہیں مل رہا۔ اگر شکایات کو عوام کے سامنے کھلے انداز میں سننا مقصود نہیں تھا تو پھر اس پورے انتظام پر آنے والے اخراجات، عوام کی آمدورفت اور میڈیا کے قیمتی وقت کے ضیاع کا کیا جواز ہے؟

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے پروگراموں میں شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات پیش کرنے اور ان کے فوری ازالے کے لیے شفاف اور مؤثر نظام یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ایسے اقدامات اپنے حقیقی مقصد کو حاصل کر سکیں۔