فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی پر ہونے والے حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران تین مشتبہ افراد ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل مسلح افراد نے ایوب گادھی کے ڈیرے پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے میں فائرنگ کی زد میں آ کر چار افراد جان کی بازی بھی ہار گئے تھے۔
سی سی ڈی ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ملزمان کی موجودگی سے متعلق اطلاع موصول ہونے پر رجانہ کے علاقے میں کارروائی کی گئی۔ حکام کے مطابق چھاپے کے دوران مشتبہ افراد نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد جوابی کارروائی میں تین ملزمان مارے گئے جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار اور ہلاک ہونے والے افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی تلاش جاری ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں