آزاد کشمیر کے شہر راولا کوٹ میں کشیدگی بڑھنے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے شہر کے مختلف حساس مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سپلائی بازار اور سی ایم ایچ کے سامنے جاری احتجاج کو منتشر کر دیا۔ شہر بھر میں بازار، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کہیں کم دکھائی دے رہی ہے۔ راولا کوٹ میں داخل ہونے والے راستوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں۔
ترجمان آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے مطابق 7 جون کو کالعدم قرار دی گئی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے راولا کوٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ کی گئی۔
حکام کے مطابق مسلح عناصر نے سی ایم ایچ راولا کوٹ کا محاصرہ بھی کیا، جس سے اسپتال کی طبی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ تاہم پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے تحمل اور احتیاط کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 7 اور 8 جون کی درمیانی شب ایک محدود اور منظم آپریشن کے ذریعے اسپتال کا محاصرہ ختم کرا دیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران شہریوں، مریضوں، طبی عملے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو ترجیح دی گئی اور اسپتال کو مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا