رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں تاریخی اصلاحات متعارف کروائیں گے ۔ چیئرمین نیب

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں شفافیت بڑھانے، سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اہم اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جائیداد کے شعبے میں فراڈ، غیر شفاف لین دین اور فائل کلچر کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مستقبل میں ہاؤسنگ منصوبوں میں پلاٹس کی فروخت اور ملکیت کی منتقلی کا عمل ایک باقاعدہ ریگولیٹری نظام کے تحت انجام پائے گا۔

چیئرمین نیب نے بتایا کہ نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور تمام مالی معاملات بینکنگ ذرائع کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم میں دستیاب پلاٹس سے زیادہ فروخت کی اجازت نہیں ہوگی اور ہر پلاٹ کا مکمل اور قابلِ تصدیق ریکارڈ موجود ہوگا۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ مضبوط معیشت کے لیے شفافیت، انصاف اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اداروں میں گورننس کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے