فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی آرمی چیف کی ملاقات

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لبنان کے آرمی چیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں باقاعدہ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

دورے کے دوران لبنانی آرمی چیف اور سید عاصم منیر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ عسکری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لبنان کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں لبنانی آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے پاک فوج کی خدمات کو سراہا اور پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور لبنان کی افواج کے درمیان مضبوط دفاعی روابط اور مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے