تنخواہ دار طبقے،گاڑیوں اور پراپرٹی پر ٹیکسز کے حوالے سے بجٹ تجاویز سامنے آگئیں

آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، گاڑیوں اور جائیداد سے متعلق ٹیکس پالیسی میں ممکنہ تبدیلیوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ جیو نیوز کے پروگرام “آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں دی نیوز کے صحافی مہتاب احمد کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت مختلف شعبوں میں ٹیکس ریلیف اور ردوبدل پر غور کر رہی ہے۔ مجوزہ تجاویز کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس سلیب میں کمی، سپر ٹیکس میں 2 فیصد کمی، برآمدات پر ایک فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کے خاتمے اور پراپرٹی سیکٹر کو ریلیف دینے کی تجاویز شامل ہیں۔ دوسری جانب سولر پینلز، ہائبرڈ گاڑیوں اور تقریباً دو درجن کے قریب دیگر اشیاء پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح کو بڑھا کر 18 فیصد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق ان تجاویز پر حتمی فیصلہ آئندہ بجٹ میں کیا جائے گا، جبکہ مختلف اقتصادی ٹیمیں اس حوالے سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں