کینیڈا میں ایک سابق ایئرلائن پائلٹ کو طویل عرصے تک مطلوبہ لائسنس کے بغیر پروازیں چلانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین پولیس نے ائیر کینیڈا سے وابستہ سابق پائلٹ جیفری وال کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کر دی ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ 2009 سے 2025 تک تقریباً 17 برس تک ضروری پیشہ ورانہ لائسنس کے بغیر ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔
حکام کے مطابق ملزم نے اس عرصے کے دوران 900 سے زائد پروازیں چلائیں، حالانکہ اس کے پاس کپتان کے عہدے کے لیے درکار لائسنس موجود نہیں تھا اور نہ ہی اس نے متعلقہ امتحانات اور تقاضے مکمل کیے تھے۔
تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ جیفری وال نے بوئنگ 767، 777 اور 787 طیارے اڑائے اور اس دوران انہیں تقریباً 30 لاکھ کینیڈین ڈالر سے زائد معاوضہ ملا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ اپنے ابتدائی کیریئر میں کمرشل طیارے چلانے کے مجاز تھے، تاہم 2009 میں کپتان کے عہدے پر ترقی ملنے کے بعد ان کے پاس ایئرلائن ٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس (ATPL-A) موجود نہیں تھا، جو اس منصب کے لیے لازمی شرط سمجھی جاتی ہے۔
یہ معاملہ 2025 میں معمول کی جانچ پڑتال کے دوران سامنے آیا، جب پائلٹ کی اسناد اور لائسنس سے متعلق ریکارڈ میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ بعد ازاں ایئر کینیڈا نے متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جس کے بعد باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقات شروع ہونے تک جیفری وال ریٹائرمنٹ لے چکے تھے