فیصل آباد میں 2 گرپوں میں فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق

فیصل آباد کے علاقے تھانہ جھمرہ کی حدود میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والے پرتشدد تصادم کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت شہباز اور ان کے بیٹے حیدر علی کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں