سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی صاحبزادی سارہ تاثیر نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے انکشاف کیا ہے کہ ان کی زینب نامی خاتون سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے Habib University کے لیے 20 لاکھ امریکی ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سارہ تاثیر کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں وہ نیویارک کے ایک ریسٹورنٹ میں زینب کے ہمراہ موجود ہیں۔ ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ زینب نے حبیب یونیورسٹی کے لیے غیرمعمولی مالی تعاون کا اعلان کیا ہے، جس کی مالیت 20 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔
اس موقع پر زینب نے بتایا کہ عطیے کا مقصد پاکستان میں ایسی تعلیم اور پالیسی سازی کو فروغ دینا ہے جو معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے تصور پر مبنی ہو۔ ان کے مطابق ایک ایسا نظام تشکیل دینا ضروری ہے جہاں کسی فرد یا گروہ کو نظر انداز نہ کیا جائے اور ہر شخص کو مساوی نمائندگی حاصل ہو۔
زینب نے خاص طور پر خواتین کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی خواتین ایسی جسمانی یا پوشیدہ طبی مشکلات کا سامنا کرتی ہیں جو بظاہر دکھائی نہیں دیتیں، لیکن ان کی روزمرہ زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ مستقبل کی پالیسیوں اور بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی میں ایسی خواتین کی ضروریات کو بھی شامل کیا جائے۔
سارہ تاثیر نے زینب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے پاکستان میں تعلیم اور سماجی ترقی کے لیے اس نوعیت کی معاونت قابلِ ستائش ہے، اور وہ چاہتی تھیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مثبت کاوش سے آگاہ ہوں