ماہرینِ فلکیات کے مطابق یکم محرم الحرام 17 جون کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق نئے اسلامی سال اور محرم الحرام کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 15 جون کو طلب کیا گیا ہے۔
یہ اجلاس لاہور کی بادشاہی مسجد میں منعقد ہوگا، جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور چاند کی رویت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
کمیٹی تمام شواہد اور معلومات کی روشنی میں حتمی اعلان کرے گی کہ چاند نظر آیا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر کم ہونے کے باعث 15 جون کو اس کے نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں، جس کے مطابق یکم محرم 17 جون کو ہونے کا امکان زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر چاند نظر نہ آیا تو ذوالحج کا مہینہ 30 دن مکمل کرے گا، اور محرم الحرام کا آغاز 17 جون سے متوقع ہوگا۔
اس حساب سے نویں اور دسویں محرم (یومِ عاشورہ) بالترتیب 25 اور 26 جون کو ہونے کا امکان ہے، تاہم سرکاری اعلان 15 جون کی رات مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔