لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا ستارہ کالونی میں مبینہ طور پر دکاندار کے تشدد سے کم عمر ملازم جاں بحق ہو گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب 14 سالہ علی حسن، جو ملزم سمیع اللہ کے کریانہ اسٹور پر کام کرتا تھا، مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے لڑکے پر تشدد کے بعد اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں گھر کے باہر چھوڑ دیا، جہاں سے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ تقریباً چار گھنٹے بعد دم توڑ گیا۔ طبی معائنے میں بچے کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے۔
عینی شاہدین اور قریبی دکانداروں کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر آہنی راڈ سے بچے پر تشدد کیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کو گرفتار کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔