مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی

پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 373 روپے 78 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 378 روپے 78 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 49 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 282 روپے 19 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 280 روپے 70 پیسے فی لٹر تھی۔