بھارتی اداکارہ ایواگروور نے عامر خان کے بھائی سے شادی کا تلخ اور دردناک احوال بتا دیا

بھارتی اداکارہ ایوا گروور نے اپنے سابق شوہر اور عامر خان کے سوتیلے بھائی حیدر علی خان کے ساتھ ازدواجی زندگی کے تلخ تجربات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایوا گروور نے بتایا کہ ان کی اور حیدر کی محبت کی کہانی ابتدا میں بہت خوبصورت تھی، تاہم وقت کے ساتھ یہ رشتہ مشکلات اور تلخیوں میں بدل گیا۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے حیدر علی خان کے ساتھ صرف 18 دن کی ملاقات کے بعد شادی کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ انہیں لگا کہ انہیں بہترین ساتھی مل گیا ہے، مگر حقیقت ان کی توقعات کے برعکس نکلی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی والدہ مختلف مذہب کے باعث اس رشتے کے حق میں نہیں تھیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے گھر سے بھاگ کر شادی کرلی۔

ایوا گروور کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد ہی تعلقات میں مسائل سامنے آنے لگے اور ان کے مطابق حیدر کا رویہ اکثر جارحانہ ہو جاتا تھا، جس کی وجہ سے انہیں ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ کئی سال تک انہوں نے اس رشتے کو بچانے کی کوشش کی، مگر حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوتے گئے۔ بعد ازاں شادی کے چار سال بعد انہوں نے ماں بننے کا فیصلہ کیا، لیکن اس کے باوجود صورتحال میں کوئی بہتری نہ آ سکی۔

اداکارہ نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش ان کے لیے حوصلے کا باعث بنی اور اسی کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ اب وہ اس تکلیف دہ رشتے کو مزید نہیں چلا سکتیں۔

ایوا گروور کے مطابق ان کے دوستوں، اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کی مدد سے انہیں اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرنے کا حوصلہ ملا اور انہوں نے اس تعلق کو ختم کر کے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔