اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی وجہ سے خبروں میں آنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف لاہور میں مزید قانونی معاملات سامنے آ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ثاقب چدھڑ کے خلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں تین الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ یہ مقدمات ماہ رخ عارف نامی خاتون کی درخواست پر درج ہوئے۔
ذرائع کے مطابق تینوں مقدمات چیک ڈس آنر ہونے کے معاملات سے متعلق ہیں۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کروڑوں روپے مالیت کے چیکس بینک سے کلیئر نہ ہو سکے۔
مدعیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی جائیداد کی فروخت کے سلسلے میں ثاقب چدھڑ اور ایک اور شخص اکبر خان سے معاہدہ کیا تھا۔ ان کے مطابق ڈیوس روڈ کے علاقے میں واقع جائیداد تقریباً 60 کروڑ روپے میں فروخت کی گئی، جبکہ ادائیگی کے لیے انہیں متعدد چیکس فراہم کیے گئے۔
شکایت کے مطابق جب چیکس بینک میں جمع کروائے گئے تو اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کے باعث وہ واپس آ گئے۔ مدعیہ نے الزام لگایا کہ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر بھی ادائیگی نہیں کی گئی۔
پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد مقدمات درج کر لیے ہیں اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔