ڈی پی او حافظ آباد اور مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کے بیٹے کا سرکاری واش روم استعمال کرنے پر جھگڑا ، Get Lost , Now You Get Lost کی کہانی
چند روز قبل حافظ آباد میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس نے بعد ازاں سیاسی اور انتظامی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی۔ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شاہد حسین بھٹی اپنے بیٹے حیدر بھٹی اور چند ساتھیوں کے ہمراہ ڈی پی او آفس میں موجود تھے، جبکہ اس وقت ڈی پی او کامران حامد دفتر میں موجود نہیں تھے۔
ذرائع کے مطابق اس دوران حیدر بھٹی نے ڈی پی او کے ذاتی دفتر سے منسلک واش روم استعمال کیا۔ بعد ازاں جب وہ باہر آئے تو ڈی پی او کامران حامد بھی موقع پر پہنچ چکے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور ڈی پی او کی جانب سے حیدر بھٹی کو “Get Lost” کہا گیا۔
اس واقعے کے بعد معاملہ سیاسی رنگ اختیار کر گیا اور مختلف حلقوں میں اس پر بحث شروع ہو گئی۔ بعد ازاں ڈی پی او حافظ آباد کامران حامد کا تبادلہ کر کے انہیں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں تعینات کر دیا گیا۔
تبادلے کے بعد حیدر بھٹی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے “Now You Get Lost” کے الفاظ استعمال کیے، جسے اس واقعے سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سابق رکن اسمبلی مامون جعفر تارڑ کی ایک مبینہ آڈیو بھی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے، جس میں اس واقعے کا حوالہ دیا گیا ہے۔ مقامی سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ تبادلے کے معاملے میں حافظ آباد کے ایک بااثر سیاسی خاندان نے اہم کردار ادا کیا۔