ایشا رکھی نے گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کر دی

بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ اور ماڈل ایشا رِکھی نے بالآخر گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔

یہ بات انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران بتائی، جہاں ان سے ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے مختلف سوالات کیے گئے۔ مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ پوچھا جانے والا سوال یہ تھا کہ اگر ان کی شادی ہو چکی ہے تو وہ ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو کیوں نہیں کرتے۔

اس پر ایشا رِکھی نے ہلکے پھلکے انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سوال کا کئی بار سامنا کر چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جی ہاں، ان کی شادی ہو چکی ہے، تاہم اب اصل تجسس اس بات پر ہے کہ وہ اور ان کے شوہر ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو کیوں نہیں کرتے۔

اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس سوال کا جواب ان کے شوہر بادشاہ کو دینا چاہیے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے پیغام دیا کہ ’’پتی دیو، عوام جواب کا انتظار کر رہی ہے، براہِ کرم وضاحت کریں۔‘‘

ایک اور سوال کے جواب میں، جس میں پوچھا گیا تھا کہ انہوں نے اب تک بادشاہ کے ساتھ کوئی تصویر کیوں شیئر نہیں کی، ایشا نے پہلی مرتبہ دونوں کی ایک خصوصی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی۔

یہ تصویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوگئی اور مداحوں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع کر دیا۔

واضح رہے کہ ان کی شادی کی افواہیں چند ماہ قبل اس وقت گردش میں آئی تھیں جب ایشا رِکھی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر بعض تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں، جنہیں صارفین نے شادی کی تقریبات سے جوڑا تھا۔ تاہم اس وقت دونوں شخصیات کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔