پی ٹی آئی کے متعدد رہنما اشتہاری قرار، سہیل آفریدی کے وارنٹ برقرار

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 4 اکتوبر کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس کی کارروائی جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ برقرار رکھے جبکہ سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر مغل، حفیظ الرحمن اور دیگر ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کا حکم بھی قائم رکھا گیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی عدالت میں پیش ہوئے، جس کے بعد ان کے خلاف کیس کا ٹرائل جاری رکھا گیا۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے اور کیس کی مزید سماعت جاری ہے۔

یاد رہے کہ یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ نون میں درج ہے، جو 4 اکتوبر کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعے سے متعلق ہے۔