سٹیٹ بینک آف پاکستان مالی سال کی آخری مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا

سٹیٹ بینک آف پاکستان آج مالی سال کی آخری مانیٹری پالیسی کا اعلان کرنے جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی کے حوالے سے مالیاتی ماہرین اور اداروں نے مختلف اندازے پیش کیے ہیں۔

سروے کے مطابق تقریباً 49 فیصد شرکاء کا خیال ہے کہ مرکزی بینک شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھے گا، جبکہ اتنے ہی فیصد کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اضافہ بھی ممکن ہے۔

سروے میں شامل 34 فیصد افراد نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس تک اضافہ کر سکتی ہے، جبکہ 15 فیصد کا خیال ہے کہ یہ اضافہ 100 بیسز پوائنٹس تک بھی جا سکتا ہے۔ دوسری جانب 2 فیصد شرکاء نے شرح سود میں کمی کی توقع ظاہر کی ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، مہنگائی میں نسبتاً استحکام اور روپے کی قدر میں بہتری جیسے عوامل شرح سود کو موجودہ سطح یعنی 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔