پنجاب حکومت 5 ھزار 131 ارب روپے کا بجٹ کل پیش کرے گی
پنجاب حکومت کل 5 ہزار 131 ارب روپے کا بجٹ پیش کرے گی، جس میں مختلف شعبوں کے لیے اہم مالی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 650 ارب روپے جبکہ پنشن کی مد میں 505 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ تنخواہوں میں اضافہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق کیا جائے گا، جبکہ مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت میں اضافے کی بھی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق تعلیم کے شعبے کے لیے 900 ارب روپے سے زائد اور صحت کے لیے تقریباً 680 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ مفت ادویات کے لیے 100 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے، رمضان پیکیج کے لیے 35 ارب روپے جبکہ مختلف سبسڈیز کی مد میں 80 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی جا سکتی ہے۔
پنجاب کابینہ کا اہم اجلاس بھی کل طلب کر لیا گیا ہے، جس میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔ منظوری کے بعد بجٹ کو باضابطہ طور پر پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
مجموعی صوبائی اخراجات کا تخمینہ 3 ہزار 569 ارب 60 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔